مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے نجف آباد کے عوام کے مختلف طبقات کے ہزاروں افراد سے ملاقات میں 26 فروری بروز جمعہ کو ایران کے پارلیمانی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم کو شجاع ، متدین اور عوام کے درد کا معالجہ کرنے والی پارلیمنٹ کی ضرورت ہے اور ایرانی قوم انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے سامراجی طاقتوں کے شوم منصوبوں کو ایک بار پھر ناکام بنادیں گے۔
رہبر معظم نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے تعزیت پیش کی اور جمعہ کے دن پارلیمنٹ اور خبرگان کونسل کے دو اہم انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: انتخابات میں شرکت کا انحصار صرف رائے دینے پر منحصر نہیں بلکہ دشمن کے شوم منصوبوں کے سامنے سینہ سپر ہونے اور دشمن کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانے پر منحصر ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی عوام نے گذشتہ 37 برس میں دشمن کی تمام سازشوں اور اس کے شوم منصوبوں کو ناکام بنا کر انقلاب اسلامی کی بھر پور حفاظت اور ملک کی عزت اور عظمت کو تحفظ عطا کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اچھے متدین ، شجاع اور صالح افراد کا انتخاب عوام کی بنیادی ذمہ داری ہے اور عوام اس سلسلے میں متدین اور قابل اعتماد افراد سے مشورہ بھی کرسکتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: جن افراد کے بارے میں سامراجی طاقتیں حمایت کا دعوی کررہی ہیں انھیں چاہیے کہ وہ سامراجی طاقتوں سے بیزاری اور نفرت کا اظہار کریں اور دشمن کو نفوذ کا موقع نہ دیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی عوام کی اکثریت انقلاب اسلامی کی طرفدار ہے لہذا عوام کو چاہیے کہ وہ بصیرت کے ساتھ ایسے افراد کو منتخب کریں جو عوام کی مشکلات کو دور کرنے کاطریقہ کار جانتے ہوں شجاع ، دلیر اور بہادر ہوں دشمن کی مسکراہٹوں پر فریفتہ ہونے والےنہ ہوں ۔
آپ کا تبصرہ